ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ماں کی تحویل والے بچے کوباپ اگراپنے ساتھ لے جاتاہے تو وہ اغواء نہیں کہلائے گا: بمبئی ہائی کورٹ کا فیصلہ

ماں کی تحویل والے بچے کوباپ اگراپنے ساتھ لے جاتاہے تو وہ اغواء نہیں کہلائے گا: بمبئی ہائی کورٹ کا فیصلہ

Thu, 21 Dec 2023 18:50:38    S.O. News Service

ممبئی:21؍دسمبر(ایس اؤ نیوز ) بمبئی ہائی کورٹ کی ناگپوربینچ نے ایک اہم فیصلہ صادرکرتے ہوئے کہا ہے کہ ماں کی تحویل میں رہنے والے بچے کو اگراس کا باپ اپنے ساتھ لے جاتاہے تووہ اغوا نہیں ہے۔

طلاق شدہ بیوی کی پرورش میں رہنےو الے تین سالہ بچے کو اٹھا لےجانے کےالزام میں بیوی نے شوہر کے خلاف اغواء کی شکایت درج کی تھی ۔ پولس نے شکایت درج کرلینے کے بعد آئی پی سی دفعہ 363(اغواء کاری ) کے تحت کیس درج کرلیا تھا۔ متعلقہ کیس کو رد کئے جانے کا مطالبہ کرتےہوئے ملزم آشش انیل کمار مولے نے ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی تھی۔

عدالت نے آشش انیل کمار مولے کی عرضی پرسنوائی کرتےہوئے منصف ونئے جوشی اور منصف والمیکی ایس اے والی بنچ نے یہ اہم فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کی عرضی کو قبول کیا اورواضح کیا کہ کوئی بھی باپ اپنی زندگی میں اپنے بیٹے کو اپنے ساتھ لے جاتاہے تو اس کےخلاف اغواءکاری کا کیس درج نہیں کیا جاسکتا۔ یہ ایک قانونی سرپرست کی تحویل سے دوسرے قانونی سرپرست کی نگرانی میں جانے کے برابر ہےاس بناء پر اس کو اغواء نہیں کہاجاسکتا۔ بینچ کا کہنا ہے کہ چونکہ وہ  قانونی سرپرست ہے اس لئے ہم کہہ نہیں سکتے کہ باپ نے بیٹے کا اغواء کیا ہے۔ اسی طرح بینچ نے یہ بھی غور کیا کہ کسی بھی عدالت نے نابالغ بچے کو قانونی طورپر ماں کی تحویل میں نہیں دیا ہے۔


Share: